BANI UPDATE NEWS

खबर वही जो देश को रखे आगे

شفا خانہ یا عذاب خانہ؟ لوہائی-ملہار کا واحد صحت مرکز خستہ حالی کا شکار، مریض بے یار و مددگار

Spread the love

حفیظ قریشی

بنی // ہزاروں آبادی پر مشتمل لوہائی-ملہار کا پرائمری ہیلتھ سینٹر انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے مریضوں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسپتال کی چھت سے پانی ٹپکنے، بنیادی سہولیات کی کمی اور ایم بی بی ایس ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث عوام کو معیاری طبی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ محض چار کمروں پر مشتمل اس اسپتال میں ماہانہ ہزاروں مریضوں کا علاج تو ہوتا ہے، مگر سہولیات کے فقدان کے باعث عوام شدید پریشان ہے۔

علاقے کا واحد صحت مرکز اپنی بدحالی کے سبب مریضوں کے لیے شفا خانہ کم اور عذاب خانہ زیادہ بن چکا ہے۔ بنیادی طبی سہولیات کے فقدان، عملے کی کمی اور خستہ حال عمارت کے باعث یہاں آنے والے مریض بے بسی کی تصویر بنے رہتے ہیں۔

مقامی، سماجی کارکن، محمد الیاس نے اسپتال کی خراب حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری طور پر اسپتال کی مرمت اور ضروری سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، “بارش کے دوران اسپتال کی چھت سے پانی ٹپکتا ہے، جس سے مریضوں کو بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کہا ہمارا علاقہ پہلے ہی دور دراز کا ہے اور یہاں یہی واحد صحت کا مرکز ہے، مگر اس کی حالت خود بدترین ہے۔ خراب حالات کے باعث لوگوں کو علاج کے لیے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف وقت اور پیسہ ضائع ہوتا ہے بلکہ ایمرجنسی کی صورت میں سنگین نتائج بھی بھگتنا پڑتے ہیں۔”

محمد الیاس نے مزید کہا کہ حکومت کو فوری طور پر اسپتال کی چھت کی مرمت، ایم بی بی ایس ڈاکٹر اور مزید طبی عملے کی تعیناتی، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور نئی عمارت کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنا چاہیے۔

تاہم  بلاک میڈیکل آفیسر نے بنی اپڈیٹ نیوز کو اس حوالے سے بتایا کہ اسپتال کی نئی عمارت کے لیے پروپوزل بھیجا جا چکا ہے، مگر اب تک کام کا آغاز نہیں ہوا۔ جب تک نئی عمارت تعمیر نہیں ہو جاتی، موجودہ اسپتال کی مرمت اور سہولیات میں بہتری لانا ممکن نہیں ہے۔

تو وہیں علاقے کے عوام نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری توجہ دے تاکہ بنیادی صحت کی سہولیات ہر شہری کو میسر آ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *