بنی// بھدرواہ–بنی شاہراہ پر پیش آنے والے ایک انتہائی افسوسناک سڑک حادثے نے پورے بنی علاقے کو گہرے صدمے اور سوگ میں مبتلا کر دیا۔ جموں و کشمیر پولیس کے محکمۂ جرائم تحقیق (سی آئی ڈی) میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل ذوالفقار علی اور ان کی اہلیہ اس حادثے میں جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کے دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔

معلومات کے مطابق ذوالفقار علی کی پیدائش 4 مارچ 1978 کو ہوئی تھی اور سال 1998 میں جموں و کشمیر پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ وہ گزشتہ تقریباً آٹھ برسوں سے بھدرواہ میں محکمۂ جرائم تحقیق میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح وہ بھدرواہ سے اپنے
آبائی گاؤں لوانگ، تحصیل بنی، ضلع کٹھوعہ کی جانب آہ رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی بے قابو ہو کر دریا میں جا گری۔ اس دل خراش حادثے میں ذوالفقار علی اور ان کی اہلیہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کے وقت گاڑی میں موجود ان کے دونوں بچے شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی بروقت مدد سے انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا۔

ذوالفقار علی ایک فرض شناس، دیانت دار اور ذمہ دار پولیس اہلکار کے طور پر جانے جاتے تھے۔ محکمۂ جرائم تحقیق میں اپنی خدمات کے دوران وہ منشیات سے متعلق معاملات اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھتے تھے۔ اپنے آبائی علاقے اور اطراف کے دیہات کی صورتحال سے بھی وہ بخوبی واقف رہتے تھے اور عوام کے درمیان ایک مددگار اور باوقار شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
جیسے ہی یہ افسوسناک خبر ان کے آبائی گاؤں لوانگ پہنچی، پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی نہایت خوش اخلاق انسان تھے جو ہمیشہ لوگوں کی مدد کے لیے پیش پیش رہتے تھے۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پیش آنے والے اس المناک واقعے نے ہر دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔ رمضان المبارک کے الوداع جمعہ پر ایک خاندان اپنے سہارے سے محروم ہو گیا اور عید کی خوشیوں سے پہلے ہی گاؤں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
مقامی لوگوں نے مرحوم میاں بیوی کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی ہے، جبکہ زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی جا رہی ہے۔













Leave a Reply